جھوٹے الزامات ہمارا بال بیکا نہیں کرسکتے، سعودی عرب
اتوار 14 اکتوبر 2018 3:00
اقتصادی پابندیاں ، سیاسی دبائو کا استعمال اور من گھڑت الزامات دہرانا برداشت نہیں کیا جائیگا ، سعودی عرب اور اسکے عوام مشکل سے مشکل تر صورتحال کا مقابلہ ثابت قدمی سے کرینگے
ریاض ( وا س )سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہمارے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائیگا۔سعودی عرب بین الاقوامی اقتصادی نظام میں موثر اور فعال کردار ادا کررہا ہے ۔ سعودی عرب کا اقتصادی نظام ، بین الاقوامی اقصادی نظام کے متاثر ہونے پر ہی متاثر ہو گا ۔ اقتصادی پابندیاں ، سیاسی دبائو کا استعمال اور من گھڑت الزامات دہرانا کسی طور برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ کوئی بھی دھمکی اور جھوٹے الزامات ہمارا بال بیکا نہیں کر سکتے ۔اس قسم کی حرکتوں سے عالم اسلام ، عرب دنیا اور عالمی سطح پر سعودی عرب کے مقام و مرتبے اور اس کے مضبوط کردار پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ سعودی عہدیدار نے اتوار کو واضح کیا کہ موجودہ مہم کا حشر بھی وہی ہو گا جو ماضی میں اس طرح کی حرکتوں کا ہوتا رہا ہے ۔
سعودی عرب اس کی عوام اور حکمران ہر طرح کے تابڑ توڑ دبائو اور مشکل سے مشکل تر صورتحال کا مقابلہ ثابت قدمی سے کوہ گراںکی طرح کرینگے ۔ سعودی عہدیدار نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب نے عرب دنیا اور عالم اسلام کے قائد کی حیثیت سے علاقائی اور عالمی امن و استحکام نیز بین الاقوامی خوشحالی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا۔مملکت نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے انسداد نیز اقتصادی تعاون کے فروغ ، علاقائی و عالمی امن و استحکام کی تقویت کیلئے جاری مساعی میں قائدانہ کردار ادا کیا۔سعودی عرب اب بھی برادر اور دوست ممالک کے ساتھ مل جل کر مذکورہ اہداف کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں ۔ اس سلسلے میں ارض الوحی اور ارض القبلہ ہونے کی بدولت اپنی مخصوص حیثیت سے مذکورہ اہداف کو بروئے کار لانے میں لگا ہوا ہے۔ سعودی عرب نے من گھڑت ، جھوٹے دعوئوں کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں برادر ممالک کی حمایت اور دنیا بھر کے ان اعصاب فراست لوگوں کیلئے قدر و منزلت کا اظہار کیا جنہوں نے افواہوں پر کان دھرنے اور الزامات کو تسلیم کرنے کے مقابلے میں حق کی تلاش کو ترجیح دی او ر جلد بازی میں بردباری کا اہتمام کیا۔ان افواہوں اور الزامات کو درخور اعتنا نہیں سمجھا جن کا ہدف اور ایجنڈا تلاش حق کی بجائے کچھ اورہے ۔