اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ اہمیت اختیار کرگئے
اسلام آباد...ضمنی الیکشن میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ اہمیت اختیار کرگئے۔ 6 حلقوں میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 6 حلقوں میں جیت کا فرق انتہائی کم ہے۔این اے 60 میں جیت کا مارجن 600 ووٹ ہے، پی کے 7 سوات میں جیت کا فرق صرف 600 ہے۔ پی کے 53 مردان میں بھی جیت کا مارجن صرف 36 ووٹوں کا ہے۔ پی کے3 سوات میں جیت کا مارجن 800 ووٹوں کا ہے۔ پی پی27 جہلم میں بھی امیدوار صرف 600 ووٹوں کے فرق سے کامیاب رہا،اس کے علاوہ پی پی 3 اٹک میں امیدوارکی جیت کا مارجن 150 ووٹوں کے قریب ہے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان ندیم قاسم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کا فیصلہ نادرا حکام سے ملاقات میں ہوگا۔ 85 فیصد اوورسیز ووٹر نے ووٹ کاسٹ کئے ہیں تاہم نادرا حکام کے ساتھ ملاقات میں طے ہوگا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کو شامل کرنا ہے یا نہیں۔الیکشن حکام نے بتایا کہ سمندر پار 7364 پاکستانی بطور ووٹرز رجسٹر کئے گئے ۔ انٹرنیٹ کے ذریعے کل 6 ہزار 233 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ رجسٹرڈ 85 فیصد آئی ووٹرزنے ووٹ کاسٹ کئے۔ قومی اسمبلی کے 5117 اور صوبائی اسمبلیوں کے 1116 آئی ووٹ کاسٹ ہوئے۔