مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہونیوالی باتیں فی الحال نہیں بتا سکتا‘ نواز شریف
اسلام آباد: نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیرا عظم نواز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت این آر او مانگنے والوں کا نام بتائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہم میں سے کسی نے این آر او کے لیے رابطہ نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں احتساب عادلت کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد اور سابق وزیرا عظم نواز شریف نے کہا کہ ہماری صورت حال کا سب کو علم ہے۔ میں جس کیفیت سے گزر رہا ہوں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، ہم خود کو ابھی تک سیاست کی طرف نہیں لا پائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن سے ہونے والی ملاقات میں جو باتیں ہوئیں وہ فی الحال منظر عام پر نہیں لائی جا سکتیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے مشاورت کے لیے ملنا چاہتا ہوں لیکن حالات عوام کے سامنے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہبازشریف نے ملک کی ترقی کے لیے دن رات دیکھے بغیرکام کیا، جس کا آج جو نتیجہ مل رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ شہباز شریف سے متعلق آشیانہ کیس سے کچھ نہ ملا تو اب دوسرے کیس بنائے جارہے ہیں جوایک مذاق ہے جب کہ ان پرایک روپے کی چوری کا بھی الزام نہیں ہے ۔