داخلی صارفین کیلئے پٹرول کے نئے نرخ مقرر کئے جائیں گے، سعودی وزیرخزانہ
ریاض - - - -سعودی وزیرخزانہ محمد الجدعان نے واضح کیا ہے کہ سعودی حکومت داخلی صارفین کیلئے پٹرول کے نئے نرخ مقرر کرے گی۔ نرخ نامہ کی اصلاح امسال کسی وقت کر دی جائے گی۔ اس سے قبل پٹرول کے نرخوں میں اضافے سے آنے والے بوجھ سے نمٹنے کیلئے سعودی شہریوں کو مناسب زرتلافی "حساب المواطن" سٹیزن اکاؤنٹ کے توسط سے دیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت سرکاری ملازمین کیلئے مالیاتی ترغیبات مکافاجات او رالاؤنسز کی بحالی کا فیصلہ کر چکی ہے۔ ایوان شاہی سے منظوری جاری ہو گئی ہے۔ بیشتر سرکاری اداروں نے اپنے ملازمین کو الاؤنس دینے شروع کر دیئے ہیں۔ بعض اداروں میں تکنیکی مسائل ہیں۔ جنہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری کا سلسلہ آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا۔ البتہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں کم نہیں کی جائیں گی۔ انہو ںنے بتایا کہ سعودی عرب بجٹ 2018ء کے اخراجات میں اضافے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رواں مالی سال کے دوران مزید بین الاقوامی قرضے لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ زیادہ سے زیادہ اندرون ملک قرضے لئے جا سکتے ہیں۔ مقامی مارکیٹ میں سرکاری بانڈز جاری کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے۔ سعودی کرنسی نوٹ کی طلب اچھی خاصی ہے۔ ضرور ت پڑی تو مناسب نرخوں پر اس سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ وزیرخزانہ نے توجہ دلائی کہ اقتصادی اصلاحات کے تحت ریاستی اثاثوں کے حصص فروخت ہوں گے۔ سعودی آرامکو کے حصص فروخت کرنے کا پروگرام اپنی جگہ پر قائم ہے۔ پوری دنیا میں سب سے بڑا ریاستی فنڈ قائم کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے نام سے قائم کر دیا گیا ہے۔ 2020ء کی آمد پر قومی بجٹ کا توازن بحال ہو جائے گا۔