اسلام آباد: نیب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر تک توسیع کردی قبل ازیں ان کے ریمانڈ کے لیے 9 نومبر تک ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو احتساب عدالت کی جانب سے دیا گیا راہداری ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا جہاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ آپ کو یہاں کیوں پیش کیا گیا ہے جس پر شہباز شریف نے کہا کہ مجھے نیب والے لے کر آئے ہیں۔
شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 9 نومبر تک چلے گا اور اس دوران مجھے لاہور لے جاکر واپس لایا جائے گا۔ مجھے کمر درد کا مسئلہ ہے، لہٰذا مجھے ایک ہی بار 9 نومبر تک راہداری ریمانڈ دیا جائے۔
نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے ہیں اور جسمانی ریمانڈ میں صرف متعلقہ احتساب عدالت ہی توسیع کرسکتی ہے۔ عدالت نے شہباز شریف کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر تک توسیع کردی۔