اسلام آباد: جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی گزشتہ روز قاتلانہ حملے میں شہادت کے بعد خیبر پختونخوا کی پولیس نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکام نے انہیں پشاور کا دورہ محدود کرنے اور اپنے سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کے بعد مولانا فضل الرحمن کی زندگی کو خطرہ لاحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے پیش نظر صوبائی پولیس نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پشاور کا دورہ محدود کردیں اور سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
ایس ایس پی پشاور کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور مختلف اطراف سے حملے کیے جا سکتے ہیں۔ اس لیے مولانا دورہ پشاور کے دوران اپنے شیڈول پر نظر ثانی کریں۔ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی سخت بنانے کی بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔