Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے زیر اہتمام 71 ویں یوم تاسیس

ہندوستان امن چاہتا ہے تو اسے کشمیریوں کو آزادی دینا ہوگی، اقوام متحدہ کشمیر پر کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے، مقررین کا خطاب
 جاوید اقبال ۔ ریاض
     انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب سعودی عرب کے زیر اہتمام ریاست جموں و کشمیر کا 71 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔ صدارت پریس کلب کے صدر سردار محمد رزاق خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی کشمیر اوورسیز فورم کے وائس چیئرمین سردار مدثر فاروق اور اعزازی مہمانان ملک محمد جہانگیر اور انجینیئر محبوب الرحمان تھے۔ نظامت کے فرائض پی پی پی ریاض ریجن کے جنرل سیکریٹری وسیم ساجد اور کلب کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری سردار محمد نصیر خان نے انجام دیئے۔حافظ محمد بلال نے تلاوت قرآن  پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔  معروف نعت خواں محمد اصغر چشتی نے نعت رسول مقبولپیش کی۔ کلب کے کنوینر رانا خادم حسین نے نظم پیش کرکے داد حاصل کی۔  حافظ محمد بلال نے پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے پیش کئے۔ تقریب کے ناظم نے اجتماع کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ  کشمیر کا یوم تاسیس اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ کشمیر پر ہندوستانی تسلط بہت جلد ختم ہوگا۔ وہ دن دور نہیں جب سارا کشمیر پا کستان کا  حصہ بن جائیگا۔ وسیم ساجد نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ ریاست کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔سردار محمد نصیر خان نے کہا کہ ہند وستانی فوج کے مظالم ناقابل بیان ہیں ، اقوام متحدہ اپنے فرض سے غافل ہے کہ اسے اس انتہائی نازک مسئلے کا حل اپنی قراردادوں  کے مطابق کرانا چاہیئے۔ جہانگیر بدر نے حاضرین کو یوم تاسیس پر مبارکباد دی اور کہا کہ کشمیری ہندوستان سے اپنی سرزمین چھین لیں گے۔ مجلس پاکستان کے صدر انجینیئر رانا عبدالرؤف نے کہا کہ کشمیر ی مسلمانوں نے اسلام کی بنیاد پر پاکستان سے الحاق کیا تھا، کشمیر ضرور ایک دن آزاد ہوگا۔ عبداللہ مفتی نے واضح کیا کہ بے شک نظام ِاسلام ہی بہترین انداز حکمرانی ہے ۔کشمیر کے مسلمان آزادی  کے حصول کے بعد صرف  پاکستان سے الحاق کریں گے۔ پرویز کھٹانہ نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ آزادی قربانی مانگتی ہے اور کشمیری مسلمان ہندوستانی استبداد کیخلاف لڑتے ہوئے پیش بہا قربانی دے رہے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ریاض کے صدر ہمایوں محسود نے آزادی کی جدوجہد میں کشمیر بھائیوں کی مدد کرنے کا عہد کیا۔ اگر ہند امن چاہتا ہے تو اسے کشمیر کو آزاد کرنا ہوگا۔ مجلس پاکستان کے جنرل سیکریٹری حافظ عبدالوحید نے کہا کہ ہند رائے شماری کرائے اور یوں مسئلہ کشمیر کا فیصلہ ہوجائے گا۔ حلقہ فکر و فن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے واضح کیا کہ ہند اگر کشمیر میں امن چاہتا ہے تو وہاں ظلم بند کرے۔ محمد شکیل کھٹانہ کا کہنا تھا کہ دنیا پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا ہر پاکستانی اور کشمیری کی ذمہ داری ہے۔ پی پی پی ریاض ریجن کے صدر رانا محمد خالد نے کہا کہ ہندوستان، پاکستان اور کشمیری مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں ورنہ اگر جنگ ہوئی تو سب کچھ تباہ ہوجائیگا۔ پاک میڈیا فورم ریاض کے صدر الیاس رحیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک لاکھ سے زائد کشمیری قربانیاں دے چکے ہیں اور یہ سلسلہ آزادی تک جاری رہے گا۔ اگر اقوام متحدہ نے اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا نہ کیا تو جنوبی ایشیا کسی بھی وقت جنگ کی بھٹی بن جائے گا۔ او پی ایف کی مجلس عاملہ کے سابق صدر محمد اصغر قریشی نے واضح کیا کہ برصغیر میں جنگ نہیں ہونی چاہیئے۔ مہمان خصوصی سردار مدثر فاروق نے واضح کیا کہ  24 اکتوبر 1947ء کو کشمیر نے آزاد حکومت تشکیل دی لیکن مکار ہند وستانی حکومت نے زبردستی سرینگر کے ہوائی اڈے پر اپنی فوج اتار دی اور ریاست پر قبضہ کرلیا ۔ صدارتی خطاب میں سردار محمد رزاق نے واضح کیا کہ 24 اکتوبر 1947ء کو کشمیریوں نے اپنی آزاد حکومت کے قیام کا اعلان کیا تھا اور اس کے پہلے صدر سردار محمد ابراہیم خان بنے تھے۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا تھا کہ وہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے شہریوں کی نمائندہ حکومت ہے اور یہ کہ اب وہ جنگ کرے گی اور کشمیر کے باقی حصے کو آزاد کرائے گی ۔ ہمایوں محسود کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔
   
   
مزید پڑھیں:- - - - ابوظبی : چوہدری تنویر مقرب کے اعزاز میں ڈنر

شیئر: