یاوندے۔۔۔ افریقی ملک کیمرون میں علیحدگی پسندوں نے بورڈنگ اسکول پر دھاوا بول کر پرنسپل، استاد اور ڈرائیور سمیت 79 طلبا کو اغوا کرلیا۔اغواکاروں کی جانب سے مغویوں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے جس میں تمام بچوں کو ایک چھوٹے سے کمرے میں سہما ہوا دیکھا جا سکتا ہے، خوفزدہ بچے بلبلا کر رو رہے تھے۔ ویڈیو بنانے والا شخص انہیں زوردار آواز سے دھمکا رہا تھا۔ ویڈیو بنانے والے شخص نے آخر میں موبائل کیمرہ اپنی جانب کرلیا جس سے اس کی شکل بھی ویڈیو میں آگئی۔سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو میں اغوا کاروں نے کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے تاہم کیمرون کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اغوا کاروں نے بچوں کی رہائی کے بدلے تاوان کے بجائے اسکول کو مکمل طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت اور اغوا کاروں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔واضح رہے کہ جس علاقے سے بچوں کو اغوا کیا گیا ہے وہاں کئی علیحدگی پسند مسلح گروہ سرگرم ہیں جو فرانسیسی بولنے والے علاقوں سے علیحدگی چاہتے ہیں اور حال میں مسلح گروہوں نے اسکولوں کو بند کرنے کے لیے انتظامیہ کو دھمکیاں بھی دی تھیں۔