کرب سے نجات کا واحد حل اسوہ رسول ﷺ کی پیروی ہے ،شہزاد احمد صدیقی
ریاض( ذکاء اللہ محسن )مجلس پاکستان ریاض نے تارکین وطن کے لئے ایک عظیم سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جس سے زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی سماجی شخصیات نے خطاب کیاتقریب کی نظامت رانا عمر فاروق نے کی، تلاوت کلام پاک کی سعادت غلام صابر اعوان نے حاصل کی۔ نعت رسول اسامہ عباس نے پیش کی۔شہزاد احمد صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں نبی کی غیر مشروط اطاعت کرنی ہے جس کا حکم اللہ نے ہمیں د یاہے۔ ہمارے نبی کا سب سے بڑا معجزہ قرآن پاک ہے جو کہ اللہ کی جانب سے ہمارے لئے ضابطہ حیات ہے ۔ سیرت کانفرنس سے میاں عبدالحامد نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یہ عظیم الشان سیرت کانفرنس اس شہر میں بسنے والے تارکین وطن کی اس والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار ہے جو وہ اپنے قائد اور مربی نبی مہربان سے رکھتے ہیں۔آج ہمیں بھی اسی تڑپ اور لگن کے ساتھ لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی چاہئے جو تڑپ نبی کی سیرت کا خاصہ تھی۔ ہمیں صحابہ کرام کی زندگیوں پر بھی نظر ڈالنے کی ضرورت ہے کہ وہ کس طرح اسلام کے زریں اصولوں اور رسول اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگیاں بسر کرتے تھے ۔میاں عبدالحامد نے خادم حرمین شریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی سرپرستی کی بنا پر یہاں تارکین وطن اس قسم کے پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں ارض مقدس کی فلاح و ترقی، امن و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔سیرت کانفرنس سے انجینیئر شاہد معین، شجاعت اللہ خان، کبیر بٹ نے بھی خطاب کیا۔