ریاض ۔۔۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کی توقع ہے ۔ مشرقی ریجن میں رہنے والے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ سبق نیوز نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے لکھا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں ان دنوں بارشوں کو سلسلہ جاری ہے گزشتہ ہفتے سے ہونے والی بارشوں سے بعض شہروں میں لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ جمعہ کو ہونے والی بارش میں ریاض اور قرب و جوار کے شہروں میں متعدد انڈرپاسز میں پانی بھر جانے کی وجہ سے شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بروز اتوار بھی مملکت کے مشرقی ریجن میں بارش کی توقع ہے ۔ محکمہ کی جانب سے جن علاقوں میں بارش کی توقع کی جارہی ہے ان میں شمالی حدود کے علاقے ، حائل ، قصیم ، ریاض اور مشرقی ریجن شامل ہیں ۔ دوسری جانب محکمہ شہری دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کے موسم میں شہری اور مقیمین خاص احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ وہ افراد جو شاہراہوں پر سفر کر رہے ہیں انہیں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں ۔ شہری دفاع کا کہنا تھا کہ وادیوں اور نشیبی علاقوں میں تفریح کیلئے جانے سے گریز کریں اور ایسے مقامات پر قیام نہ کریں جہاں پانی کی گزر گاہیں ہیں ۔ نشیبی علاقوں میں قیام کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ آسمانی بجلی گرتے وقت خصوصی احتیاط برتیں اس دوران موبائل فون قطعی طور پر استعمال نہ کیاجائے ۔ گھروں میں بجلی کی وائرنگ کا خاص خیال رکھیں خراب وائرنگ سے شارٹ سرکٹ کا امکان ہوتا ہے جبکہ بارش کے دوران شاہراہوں پر نصب بورڈ اور شیڈز کے نیچے کھڑا نہ ہوں ۔ بجلی کے پولز سے ٹیک نہ لگائیں جس سے کرنٹ لگنے کا امکان ہو سکتا ہے ۔