قاہرہ۔۔۔ سعودی ترقیاتی فنڈ نے فلسطینی وزارت خزانہ کے اکاؤنٹ میں 60ملین ڈالر منتقل کر دیئے۔ سعودی عرب ہر ماہ فلسطینی اتھارٹی کے بجٹ کے لئے 20ملین ڈالر پیش کرتا ہے۔ مذکورہ رقم اگست ، ستمبر اور اکتوبر 2018ء کی مد میں دی گئی ہے۔ مصر میں متعین سعودی سفیر اسامہ بن احمد نقلی نے جو عرب لیگ میں بھی سعودی عرب کے سفیر کے فرائض انجام دے رہے ہیںاتوار کو اعلامیہ جاری کر کے بتایا کہ سعودی عرب سیاسی ، اقتصادی اور انسانی بنیادوں پر فلسطینی اتھارٹی کی مدد ماضی کی طرح مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔ سعودی عرب ، القدس اور الاقصیٰ فنڈز میں اپنا حصہ پابندی سے ادا کر رہا ہے۔ یہ دونوں فنڈ سعودی عرب کی تجویز پر ہی قائم کئے گئے تھے۔