Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوقاف اراضی کیس،نواز شریف کی سپریم کورٹ میں طلبی

اسلام آباد...سپریم کورٹ نے پاکپتن اوقاف اراضی کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 4 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے پاکپتن میں اوقاف کی زمین کی الاٹمنٹ اور دکانوں کی تعمیر پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ نواز شریف کے وکیل کی طرف سے جمع کرایا گیا جواب مسترد کردیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے جواب میں لکھ دیا ہے کہ نواز شریف کو علم ہی نہیں ۔ انہوں نے ایسا کوئی آرڈر پاس ہی نہیں کیا۔ آپ کو پتہ ہے آپ جواب میں کیا موقف اختیار کر رہے ہیں، آپ نے ملک کے 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کا سیاسی کیریئر داو پر لگا دیا ۔ اگر نواز شریف نے یہ آرڈر نہیں دیا پھر تو ان کے ساتھ دھوکہ ہوگیا۔ اگر وہ ذمہ داری نہیں لے رہے پھر تو معاملہ ہی ختم ہوگیا ۔ یہ مقدمہ ریفرنس کا بنتا ہے۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا آپ کبھی نواز شریف سے ملے بھی ہیں ۔ وکیل نے جواب دیا کہ کیس کے سلسلے میں ان سے ایک مرتبہ مل چکا ہوں۔جواب نواز شریف کی ہدایت پر ہی جمع کرایا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ نواز شریف کو خود بلا لیتے ہیں، وہ خود آکر بتائیں گے۔سپریم کورٹ نے نواز شریف کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

شیئر: