طاہر داوڑ کا مبینہ قتل، تفتیشی ٹیم پشاور پہنچ گئی
پشاور: وفاقی دارالحکومت سے اغوا کے بعد مار دیے جانے والے پولیس کے اعلیٰ افسر کے مبینہ قتل کی تفتیش کے لیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم پشاور پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق کے پی کے پولیس کے اعلیٰ افسر ایس پی طاہر داوڑ سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر خبریں اور تصاویر چل رہی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ کو افغانستان میں قتل کیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے ابھی تک سرکاری سطح پر کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے اسلام آباد پولیس کی خصوصی ٹیمیں تفتیش کرنے پشاور پہنچ گئی ہیں جہاں انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس اور خفیہ اداروں کے حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اس حوالے سے طاہر داوڑ کے بھائی فرمان احمد الدین نے کہا ہے کہ تاحال کوئی معلومات نہیں ملی ہیں۔ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے بھی اس بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے ایس پی طاہر داوڑ کی موت کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا تھا۔
واضح رہ یکہ طاہر داوڑ کو گزشتہ ماہ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین فور سے اغوا کیا گیا تھا۔