نجم سیٹھی کی جانب سے پی سی بی کو ایک اور لیگل نوٹس
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پی سی بی کو ایک اور لیگل نوٹس بھجوا دیا ۔نجم سیٹھی کی جانب سے قانونی فرم کے ذریعے بھجوائے جانے والے اس نوٹس میں پی سی بی کی طرف سے 9 نومبر کو بھجوائے گئے نوٹس اورجواب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بورڈ نے 20 اگست تک شفافیت اور احتساب کی کوئی پالیسی ہی نہیں بنائی تھی، جس کے تحت بورڈ عہدیداروں کے اخراجات کی تفصیلات ویب سائٹ پرجاری کی جاتیں، نہ ہی اس اقدام کے لئے بورڈ آف گورنرز سے منظوری لی گئی۔ جن اخراجات کی تفصیل بتائی گئی وہ اس وقت کے چیئرمین پی سی بی نے کئے تھے اور انہیں نجم سیٹھی کے ذاتی اخراجات قرار دینا غلط ہے ۔ اس لئے ان تفصیلات کے جاری کرنے کا مقصد نجم سیٹھی کی شہرت داغدار کرنے کے سوا کچھ نہیں۔نوٹس میں نجم سیٹھی کی جانب سے ایک بار پھر نئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے لئے فرنشڈ گھر کرائے پر لینے کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پی سی بی کی نئی انتظامیہ نے سابق چیئر مین پر اپنے دور میں غیر معمولی ذاتی اخراجات کا الزام لگایا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں