جدہ ریجن کی پاکستانی کم عمر ترین حافظہ و قاریہ” فاطمہ ندیم“
اعزاز پر رب کریم کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے ، ندیم صابر شاکر
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستانی طالبہ نے کم عمر حافظہ اور بہترین قاریہ کا اعزاز ” خیرکم 2018 “ حاصل کر لیا ۔جدہ ریجن میں 9 برس کی فاطمہ ندیم صابر کو بہترین تجوید کے ساتھ قرات میں کم عمر طالبہ کی سند جاری کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق دار الطیبات کی طالبہ فاطمہ ندیم نے ڈیرھ برس قبل تحفیظ قرآن کریم کی کلاس شروع کی اور انتہائی کم وقت میں انہیں کم عمر حافظہ اور بہترین قاریہ کا خطاب مل گیا ۔ اس موقع پر قاریہ و حافظہ فاطمہ ندیم کے والد جو کہ پاکستان انٹر نیشنل اسکول العزیزیہ کے انجمن طلبائے قدیم کے عہدیدار بھی ہیں، نے اردونیوز کو بتایا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ ایک حافظہ کے والدہیں ۔ ندیم صابر شاکر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل فاطمہ کے بھائی حامد ندیم نے گزشتہ برس 8 سال کی عمر میں حفظ قرآن مکمل کیا تھا جس پر حامد کو جدہ ریجن میں فلاحی انجمن ” خیرکم “ کی جانب سے سب سے کم عمر حافظ قرآن کی سند جاری کی گئی تھی اور اب یہ دوسرا اعزاز بھی رب تعالیٰ نے مجھے عنایت کیا ہے جس پر ذات باری تعالیٰ کاجتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے ۔اس عنایت میں میری اہلیہ کا اہم کردار ہے جو خود بھی حافظہ قرآن ہیں ۔ دعا ہے کہ رب کریم ہمیں اپنی راہ پر چلنے کی توفیق اور استقامت عطا فرمائے،آمین ۔