صوبائی وزیر کے بیٹے کو گرفتار کرنیوالے اہلکار گرفتار‘ مقدمہ درج
لاہور: پی ٹی آئی کے رہنما اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید کے بیٹے کو گرفتار کرنے والے پولیس اہل کاروں پر مقدمہ درج کرکے انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ غالب مارکیٹ میں ایس ایچ او کی مدعیت میں جن اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ان میں ندیم، عثمان سعید اور عثمان مشتاق شامل ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں تینوں پولیس اہل کاروں کو ذمے دار قرار دے کر پولیس آرڈر سمیت دیگر دفعات مقدمے میں شامل کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ تینوں اہل کار گشت کے دوران جوڑوں کو پکڑتے اور ان کی وڈیو بنا کر رقم وصول کرتے تھے۔ واضح رہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل پولیس نے ایک گاڑی سے صوبائی وزیر محمود الرشید کے بیٹے کے ساتھ ایک لڑکی کو برآمد کیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ مبینہ طور پر دونوں قابل اعتراض حالت میں تھے۔اسی دوران صوبائی زیر کے بیٹے نے اپنے گارڈز اور ساتھیوں کی مدد سے پولیس اہلکاروں کو سرکاری اسلحہ و گاڑی سمیت اغوا کرلیا اور تھوڑی دور جاکر خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔