Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قاہرہ : ”سوتیلی ماں“ سے نجات دلانے کیلئے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا

قاہرہ ..... مصر میں سوتیلی ماں کے جبر اور تشدد سے بچانے کیلئے بڑے بھائی نے اپنے چھوٹے بھائی کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ مصری پولیس نے 19سالہ ” قاتل بھائی “ کو گرفتار کرلیا۔ عکاظ اخبار نے اسکی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ مصری باپ اپنے 2بیٹوں کو ان کی سوتیلی ماں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر روزگار کیلئے باہر گیا ہوا تھا۔ سوتیلی ماں اپنے خاوند کے بچوں کو طرح طرح سے ستاتی اور پریشان کرتی رہی۔ چھوٹے بیٹے کو کھانے سے محروم کئے ہوئے تھی۔ یہ منظر بڑے بھائی سے دیکھا نہیں گیا اور اس نے ظلم و ستم سے نجات دلانے کیلئے اسے ہلاک کردیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دونوں بھائیوں نے کھانے کا انتظام نہ ہونے پر خودکشی کا فیصلہ کرلیا تھا تاہم اسی دوران انہیں گھر میں پستول نظر آگیا۔ اس پر چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی سے درخواست کی کہ تم گولی چلا کر پہلے مجھے ہلاک کردو اور پھر خود کو بھی اسی طرح ہلاک کرلینا۔ بڑا بھائی، چھوٹے بھائی کو قتل کرکے ہوش و حواس کھو بیٹھا ، رونے دھونے ، چیخنے چلانے لگا۔ ہمسائے گھر پہنچے تو گھر میں لاش دیکھ کر انہوں نے پولیس کو مطلع کردیا۔ بڑے بھائی نے کہا کہ میں نے جو کچھ کیا برا کیا مگر ماں کی موت اور باپ کی شادی کے بعد کے حالات نے اسکی زندگی اجیرن کردی تھی۔ یہی قتل کا محرک بنی۔ مصری وکلاءنے ملزم کے مفت دفاع کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سزا میں تخفیف کراسکیں۔

شیئر: