پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں گھپلے بازی پر 5برس قید
ریاض.... قانون تجارت کے لائحہ عمل میں پٹرول اور اس کی مصنوعات کے نرخوں میں گھپلے بازی کی 16 صورتیں متعین کردیں۔ ہر ایک کی خلاف ورزی پر 5برس قید مقرر کردی گئی۔ لائحہ عمل میں بتایا گیا ہے کہ ان تمام میں سے کسی ایک یا زیادہ خلاف ورزی پر 7 سزائیں ہونگی۔ 3 برس تک لائسنس کی منسوخی، دہرا جرمانہ شامل ہیں۔ وزیر توانائی و صنعت و معدنیات خالد الفالح نے نئے لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔ عملدرآمد 60 روز بعد سے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق خام تیل، پٹرول، پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ جرم ہے۔ اگر کسی شخص نے لائسنس کے برخلاف پٹرولیم مصنوعات میں اپنی طرف سے کوئی ملاوٹ کی یا لائحہ عمل کی دفعہ 4 کیخلاف پٹرولیم مصنوعات استعمال کیں یا وزارت سے اجازت نامہ لئے بغیر کاروبار کی غرض سے پٹرولیم مصنوعات خریدیں یا دفعہ 5 کے برخلاف پٹرولیم مصنوعات کا لین دین کیا یا لائحہ عمل میں مذکور دیگر خلاف ورزیوں میں سے کسی ایک خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تو ایسی صورت میں اجازت نامہ یا لائسنس منسوخ کردیاجائے گا۔ 3 برس تک لائسنس سے محروم کردیا جائے گا۔ 3 برس تک پٹرول اور اس کی مصنوعات کی فراہمی کے معاہدے منسوخ کردیئے جائیں گے۔ پٹرول کی قیمت سے دگنا جرمانہ کیا جائے گا۔ وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ اگر کسی شخص نے پٹرول اور اس کی مصنوعات میں خلاف ورزی کی رپورٹ کی تو اسے خلاف ورزی پر لئے جانے والے جرمانے کی 20 فیصد رقم بطور انعام دی جائے گی ۔ یہ اس صورت میں ہوگا جبکہ وزارت کو پہلے سے اس کی رپورٹ نہ ہوئی ہو۔ علاوہ ازیں اگر خلاف ورزی کی رپورٹ ایسے عالم میں ہوئی ہو جبکہ خلاف ورزی کی وجہ سے صارفین کا نقصا ن ہوچکا ہو تو اطلاع دینے والے کو وصول کی جانے وا لی رقم کا 15 فیصد دیا جائے گا۔