ذکا محسن ۔ ریاض
پاکستان پیپلزپارٹی ریاض ریجن کی جانب سے 51 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ریاض ریجن کے صدر محمد خالد رانا نے کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 51 برس قبل ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی سحرانگیز شخصیت کے باعث نوآموز پارٹی اپنے قیام کے تین چار سال بعد ہی اقتدار میں آگئی۔ پیپلزپارٹی سنٹر آف دی لیفٹ پارٹی تصور ہوتی ہے ، اس کیخلاف دائیں بازو کی تمام قوتیں شروع دن سے سرگرم ہوگئی تھیں۔ پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوششیں اور سازشیں ہوتی رہیں مگر بھٹو پارٹی کو جن مضبوط بنیادوں پر استوار کرکے گئے اسکے باعث پارٹی نے ہر مشکل میں خود کو سیاسی میدان میں قائم رکھا ہے جبکہ پارٹی وفاق کی علامت بھی تصور ہوتی ہے جس کے حوالے سے بے نظیر بھٹو کیلئے ”چاروں صوبوں کی زنجیر“ کا نعرہ لگایا جاتا رہا۔ آج بھی پیپلزپارٹی فیڈریشن کی علامت سمجھی جاتی ہے ۔ یوم تاسیس کی تقریب سے سردار محمد رزاق، وسیم ساجد، رانا عدیل، غلام نبی نواب، احسن عباسی، صداقت حسین بھرگوش، عبدالکریم خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے۔ جس طرح اپنے دور اقتدار میں ملک کو چلایااور ترقی کی راہ پر گامزن کیا اس کی کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی ۔ اجلاس میں پاک میڈیا فورم کے نومنتخب عہدیداروں کو اعزازی سرٹیفکیٹ اور میڈل بھی دئیے گئے اور ان کی صحافتی خدمات کو بھی خوب سراہا گیا اور شرکاءنے کہا کہ پاک میڈیا فورم نے صحافت میں جدت بخشی ہے اور بلاتفریق کام کرکے اپنا آپ منوایا ہے اس کے لیے پاک میڈیا فورم کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔