گورنر مکہ مکرمہ کا بارش سے متاثرہ مقامات کا دورہ
اللیث .... گورنر مکہ مکرمہ ریجن اور خادم حرمین شریفین کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے اللیث کمشنری میں بارشوں سے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے نقصانات کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات صادر کئے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ کے ہمراہ گورنریٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر ہشام الفالحاور تعمیراتی کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔ گورنر نے وادی اللیث پر بنے برساتی نالے کے بند کو مضبوط کرنے کے علاوہ کمشنری میں ترقیاتی امور کے حوالے سے احکامات بھی جاری کئے ۔ گورنر مکہ مکرمہ اور انکے ہمراہ وفد کو خصوصی بسوں میں متاثرہ مقاما ت پر لے جایا گیا جن میں اللیث کمشنری کا بند بھی شامل ہے جو برساتی نالے پر قائم کیا گیا ہے ۔ گورنر نے بند کو پختہ کرنے کے علاوہ کمشنری میں ترقیاتی امور کے احکامات صادر کئے ۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے علاقے کے دوران وہاں کے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل سنے ۔