سعودی حکومت نے 2ہندوستانیوں کے اعزہ کو 6لاکھ ریال دیت ادا کرکے رہائی دلادی
ریاض( ذکاء اللہ محسن)خیبر کے اسپتال میں 3 سال تک بطور قیدزیر علاج رہنے والے جنید خان کو بالاخر رہائی مل گئی۔ جنید خان نے اسپتال میں بطور قیدی 3 سال گزارے۔ رہائی 6 لاکھ ریال کی دیت کے دینے پر ممکن ہوئی جسے سعودی حکومت نے ادا کیا ۔ تفصیلات کے مطابق مردان سے تعلق رکھنے والے جنید خان کی گاڑی کی ٹکر سے 3 سال قبل 2ہندوستانی اور ایک پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ اسی سڑک حادثے کے دوران جنید خان بھی بری طرح زخمی ہوا اور معذور ہوکر اسپتال پہنچ گیا حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی کے لواحقین کی جانب سے جنید کو معاف کر دیا گیا تاہم دونوں ہندوستانی کے لواحقین نے معاف کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد جنید نے 6 لاکھ ریال نہ ہونے کے سبب خیبر کے اسپتال میں3 سال بطور قیدی گزارے جہاں اس کا علاج معالجہ بھی ہوتا رہا ۔پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اس کی رہائی کے لئے رقم اکٹھا کی جاتی رہی تاہم سعودی گورنمنٹ نے انسانی جذبے کے تحت 6 لاکھ ریال دیت دیکر جیند کو پاکستان جانے کی اجازت دیدی۔رہائی کا سن کر جہاں جنید خوشی سے کھل اٹھا وہیں پر خیبر اسپتال انتظامیہ نے بھی جنید کی رہائی کی خوشی میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میںجنید کو مختلف تحائف سے بھی نوازا گیا۔ جنید خان کو آئندہ چند روز میں پاکستان روانہ کر دیا جائےگا۔