نمک کا زائد استعمال آپ کی جان لے سکتا ہے؟
لندن ۔۔۔ برطانوی ماہرین کے مطابق ہر سال تقریباً4000افراد دل کے امراض کے سبب ابدی نیند سو جاتے ہیں۔ اسکی بڑی وجہ کھانے پینے کی اشیاءمیں نمک کا زیادہ استعمال کرنا ہے۔ایکشن آن سالٹ نامی مہم کے گروپ چیئرمین پروفیسر گراہم میک گریگرنے برطانیہ کے پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ2 برسوں میں یہ محکمہ مکمل طور پر ناکام رہا جس کے باعث ہزاروں لوگ طبعی موت سے قبل مر رہے ہیں۔ برطانوی حکومت نے کھانوں میں نمک کی مقدار کی حد 2014 میں مقرر کی تھی۔اس کے بعد تمام کمپنیوں کو پہلے سے تیار شدہ کھانوں میں 2017تک 100گرام ڈبے میں بند سبزیوں میں13.0اورکری پیسٹ میں 3.75 گرام نمک کی مقدار رکھنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم کھانے پینے کی اشیاءمیں نمک کی حد برقرار رکھنے کے اقدامات نہیں کیے گئے۔ ماہرین کے مطابق نمک کی زائد مقدار بلند فشار خون کی وجہ بنتا ہے جس سے دل کے عارضے لاحق ہو سکتے ہیں۔طبی ماہرین کی جانب سے روزانہ 6 گرام تک نمک استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، اگر اس بات پر عمل درآمد مستقل بنیادوں پر ہوتا تو ہزاروں کی تعداد میں ہونے والی اموات سے بچنے میں مدد مل سکتی تھی۔