ریاض۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ریاض کے قصر یمامہ میں شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب نے ملاقات کی۔ انہو ںنے امت مسلمہ کے مسائل کے حل او رشرعی علوم کی نشر و اشاعت میں الازہر کے کردار کی تعریف کی۔ شیخ الازہر نے شاندار ضیافت اور اسلام و اس کے پیروکاروں کیلئے مملکت کی عظیم الشان خدمات پر خادم حرمین شریفین کو خراج تحسین پیش کیا۔ شاہ سلمان سے سرکاری اور نجی صحت اداروں کے عہدیداروں اور وزارت صحت کے ذمہ داران نے ملاقات کی۔ شاہ سلمان نے کہا کہ صحت ادارہ عوام کو امراض سے بچانے اور علاج کے سلسلے میں بے حد اہمیت رکھتا ہے۔ صحت خدمات معیاری ہونا ضروری ہیں۔ ملاقات کےلئے آنے والوں میں وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ ، سربراہ سعودی ہلال احمر او ردیگر اہم شخصیتیں بھی شامل تھیں۔