واشنگٹن۔۔۔واشنگٹن میں وفاقی عدالت نے حکم دیا ہے کہ شمالی کوریا کو ہلاک ہونے والے امریکی شہری اوٹو وارم بیئر کے خاندان کو501 ملین ڈالر ادا کرنا چاہئیں۔واشنگٹن میں وفاقی عدالت نے اپنے حکم میں کہاکہ شمالی کوریا وارم بیئر پر تشدد، اسے مغوی بنانے اور ہلاک کرنے کا ذمہ دار ہے۔ 21 سالہ وارم بیئر کو 2016ء کے اوائل میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ ایک گروپ کے ساتھ شمالی کوریا کا دورہ کر کے واپس امریکہ آ رہا تھا۔ اسے کمیونسٹ کوریا میں ریاست مخالف کارروائیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں 15سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔2017ء میں امریکہ پہنچتے ہی وہ چل بسا تھا۔ یہ امریکی شہری شمالی کوریا میں بھی کئی مہینے کوما کی حالت میں رہا تھا۔