کراچی: پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی اور سابق چیئرپرسن و وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی یاد آج ملک بھر میں منائی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کا مرکزی اجتماع گڑھی خدا بخش بھٹو لاڑکانہ میں ہوگا جہاں پارٹی قیادت اور دیگر رہنما شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر سے پارٹی کارکن قافلوں کی شکل میں لاڑکانہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب پارٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گڑھی خدا بخش میں انتظامات اور تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، اس موقع پر نوڈیرو میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے برسی کے موقع پر حفاظتی انتظامات کی غرض سے سیکورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے علاوہ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔ گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ان کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے سینئر رہنما خطاب کریں گے۔ قبل ازیں سندھ حکومت نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے یوم پر عام تعطیل کا اعلان کررکھا ہے۔