سال نو کی آمد پر پاکستانی سیاستدانوں نے اپنے کارکنان اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ سال کے لیے نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کیا : سالِ نو کی قرارداد ہمارے ملک کی چار بڑی بیماریوں یعنی غربت، جہالت، ناانصافی اور کرپشن کیخلاف جہاد کے عزم سے مزین ہے۔ 2019 وطن عزیز کیلئے ایک سنہرے دور کا نکتہ آغاز ثابت ہوگا، انشاءاللہ۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لکھا : نیا سال پھر آ گیا دوستو ، فسردہ روایات کو چھوڑ کر ، مسائل نئے رکھ کے پیش نظر ، کریں گے چلو سعئ شام و سحر ، نیا سال پھر آ گیا دوستو ، اٹھو پرچم امن لے کر اٹھو ، جیو خود بھی اوروں کو بھی جینے دو ، چلو تو قدم سب ملا کر چلو ، نیا سال پھر آ گیا دوستو ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹویٹ کیا : میں آپ کو خوشیوں ، صحت اور خوشحالی سے بھرپور نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
خواجہ آصف نے لکھا : نیا سال سب کو مبارک ھو۔دعا ھے کہ اللہ نئے سال میں سب پہ اپنی رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے آمین۔
خواجہ سعد رفیق نے ٹویٹ کیا : نیا سال اس اُمید کے ساتھ کہ اس ملک میں ہم قانون کی حکمرانی دیکھیں گے۔جمہوریت کا بول بالا ہوگا۔انتقامی سیاست کا خاتمہ ہوگا۔ظلم وجبر کی زنجیریں ٹوٹیں گی۔ان شاء اللّٰہ۔
بابر اعوان نے لکھا : نیا پاکستان، نیا سال، نئے جذبے، نئی اُمنگ!2019 پاکستانیوں کے بہتر مستقبل کا سال، انشاءاللّٰہ!
عثمان ڈار نے کہا : تمام پاکستانیوں کو میری جانب سے نیا سال مبارک۔ اللٰہ اس سال میں آپ سب کو زندگی کی بے شمار خوشیاں دے۔ 2018 میں آپ سب نے تبدیلی کا جو فیصلہ کیا وہ بیشک ہماری تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔دعا ہے کہ ہم سب یونہی اکٹھے'بہادری اور بھلائی کے کبھی نہ ٹوٹنے والے عزم سے آگے بڑھتے رہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹ کیا : پھر نیا سال، نئی صبح، نئی امیدیں۔اے خدا خیر کی خبروں کے اُجالے رکھنا۔
مریم اورنگزیب نے کہا : اللہ کریم ہماری خطاؤں کو معاف فرما اور ہم پر اپنی نعمتوں، برکتوں اور رحمتوں کا نزول فرما۔ آمین۔ نیاسال مبارک
علی محمد خان نے لکھا : ہمارا نیا سال تو محرم میں شروع ہو بھی چکا لیکن 2019 کی ابتداء ہونے والی ہے۔ آئیے عہد کریں کہ 2019 کو پاکستان کے نام کریں اور اپنی زندگی کا یہ ایک سال مملکت خداداد پاکستان کو اپنے پیروں پہ کھڑا کرنے کیلئے دے دیں،اپنی آئیندہ زندگی،اپنے بچوں،آنے والی نسلوں اور ایک نئے پاکستان کیلئے!
خرم شیرزمان نے ٹویٹ کیا : 2018 تبدیلی کا سال تھا انشاء اللہ 2019 ترقی کا سال ثابت ہوگا. دعا گو ہیں کہ نیا سال ملک و قوم کے لئے بہت مبارک ثابت ہو. اللہ پاک نئے سال میں مملکت خدا د کو امن اور ترقی کا گہوارا بنائے۔
عابد شیر علی نے شاعرانہ انداز اپناتے ہوئے لکھا : اے نئے سال بتا تجھ میں نیا کیا ہے
ہر طرف خلق نے کیوں شور مچا رکھا ہے
روشنی دن کی وہی تاروں بھری رات وہی
آج بھی ہمکو نظر آتی ہے ہر بات وہی
آسماں بدلا ہے نہ بدلی ہے یہ افسردہ زمین
اک ہندسے کا بدلنا کوئ جدت تو نہیں
اگلے برسوں کی طرح ہو نگے قرینے تیرے
کسے معلوم نہیں 12 مہینے تیرے۔