شاہ سلمان کی زیر صدارت قصر یمامہ میں سعودی کابینہ کا اجلاس
ریاض۔۔۔ سعودی کابینہ نے پارہ سے متعلق " میناماتا" معاہدے میں سعودی عرب کی شمولیت کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے العثمانیہ میں سعودی آرامکو گیس لیب کے اندراج پر اظہار مسرت کیا۔ کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدارت کی۔ وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کو بتایا کہ العثمانیہ میں اندراج کے باعث سعودی آرامکو عظیم الشان صنعتی اداروں کی فہرست میں شامل ہوگئی۔ کابینہ کے اجلاس میں علاقائی اور عالمی مسائل پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔ کابینہ نے وزیر توانائی کو بلغاریہ کے ساتھ معدنیات میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا جبکہ امارات کے ساتھ قومی ریکارڈ کے تحفظ کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے متعدد فیصلے بھی کئے۔