نجران کرکٹ ایسوسی ایشن کی تقریب تقسیم انعامات
نجران کرکٹ ایسوی ایشن کی جانب سے ایس سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقسیم انعامات کی تقریب گزشتہ دنوں مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں علاقے کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑی، آفیشلز اور ممتاز سماجی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی محمد طارق تھے۔ نجران کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین لیاقت علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نجران میں کرکٹ فروغ پا رہا ہے۔ 2016ءمیں نجران میں کرکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مقامی دوستوں اور کرکٹ کلبوں کے تعاون سے خمیس مشیط او رجازان کے ساتھ ایک ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی گئی۔ٹورنامنٹ کا فائنل حبیب کرکٹ کلب اور سی پی سی(کرکٹ پرموٹر کلب)کے مابین کھیلا گیا۔ حبیب کرکٹ کلب نے کامیابی حاصل کی۔ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے اور دیگر شہروں میں کھیلی جانے والی کرکٹ سے آگاہی بھی ہوئی۔ نجران میں کرکٹ کے فروغ میں سعودی کرکٹ سینٹر کا تعاون مثالی ہے جس کے لئے سعودی کرکٹ سینٹر کے سی ای او ندیم ندوی کے شکرگزار ہیں۔ لیاقت علی نے کہا کہ اس تقریب کے مہمان خصوصی محمد طارق کی کوششوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ کرکٹ کے فروغ کے لئے ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے نجران میں کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ لیاقت علی نے تقریب میں نجران کرکٹ ایسوسی ایشن کی تنظیم نو کا اعلان بھی کیا او رنئے ممبرز جن میں محمد یوسف، محمد کاشف، نعیم راحت ، وقاص فدا، محمد عدنان کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ مہمان خصوصی محمد طارق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نجران میں کرکٹ فروغ پا رہا ہے۔ میں لیاقت علی کا شکرگزار ہوں جنہوں نے نجران میں کرکٹ کیلئے بہت کام کیا اور نجران کو مقام دلوایا۔ اب ہم نیشنل چیمپیئن ٹرافی میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سعودی کرکٹ سینٹر کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔ اس موقع پر حبیب کرکٹ کلب کے کپتان حبیب الرحمان کو ونر ٹرافی اور سی پی سی کے کپتان ڈاکٹر اویس نثار کو رنر اپ ٹرافی پیش کی گئی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں