ڈاکٹرز کی ہڑتال کا دوسرا روز ‘ مریض پریشان
کراچی: شہر قائد سمیت سندھ کے کئی شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کی اپنے مطالبات پورے نہ کئے جانے کے خلاف دوسرے روز بھی ہڑتال جاری ہے جس کی وجہ سے او پی ڈیز میں کام بند ہے اور مریض اور ان کے تیمار دار شدید پریشانیوں کا شکار ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کئی شہروں میں سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے گزشتہ روز سے کام چھوڑ رکھا ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی کال پر کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، جیکب آباد، شکار پور، سکھر، کشمور اور پڈعیدن میں سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈیز کا بائیکاٹ گزشتہ روز شروع کیا تھا جس کا آج مسلسل دوسرا روز ہے، جس کے نتیجے میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ ان کی تنخواہیں اور معاعات پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ڈاکٹرز کے مساوی کی جائیں۔ گزشتہ روز ڈاکٹرز کی تنظیم نے دھمکی بھی دی تھی کہا گر مطالبات 3 روز میں پورے نہیں کیے گئے تو ایمرجنسی بھی بند کردی جائے گی۔