Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد اقصیٰ پر گلائیڈر زکی پرواز

بیت المقدس۔۔۔ قابض اسرائیلی حکام نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر گلائیڈرز کی پرواز کا پروگرام کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کردیئے۔ فلسطینی عوام اور ان کے اداروں نے اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ بیت المقدس کے مفتی اعلیٰ و خطیب اقصیٰ شیخ محمد حسین نے مسجد الاقصیٰ کے اوپر گلائیڈرز کی پرواز کی اجازت دینے پر اسرائیلی حکام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی خطرناک نظیر ہے۔ یہ حرکت کرکے فلسطینیوں کے جذبات کو مشتعل کیا گیاہے۔ 3 گلائیڈرز کو مسجد اقصیٰ کے اوپر سے پرواز کرنے کی اجازت دے کر قبلہ اول کے تقدس کو پامال کیا گیاہے۔ الشیخ حسین نے خبردار کیا کہ قابض اسرائیلی حکام اس قسم کے جارحانہ اقدامات کرکے پورے خطے میں کشیدگی کا آتش فشاں بھڑکانے کے در پے لگتے ہیں۔ مسجد اقصیٰ سے صرف اہل فلسطین ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمان گہرا تعلق اور سچی عقیدت رکھتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں اور ان کی عبادت گاہوں کے حوالے سے اپنا کردار سنجیدگی سے ادا کرے اور مذمتی بیانات جاری کرنے پر اکتفاءنہ کیا جائے۔ اہل فلسطین کے دیگر اداروں نے بھی ایسا ہی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ یاد رہے کہ 3 افراد گلائیڈرز سے مسجد الاقصیٰ کے اوپر پرواز کرتے ہوئے حارہ الیہود میں اترے تھے۔ یہ محلہ مسجد اقصیٰ کے پہلو میں الشرف اور المغاربہ محلوں کے ملبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ 
 

شیئر: