سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”الریاض“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
ہمارا ملک مستقبل کی جہت میں پورے اعتماد اور پوری قوت سے آگے بڑھ رہا ہے۔اس سے یہ امید وابستہ کی جاسکتی ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہم ترقی کی مطلوبہ منزل پالیں گے۔ تمام شواہد بتا رہے ہیں کہ ہم پائدار ترقی کی جہت میں صحیح راستے پر گامزن ہیں۔ درپیش رکاوٹیں دور ہونگی اور امن و استحکام ، خوشحالی اور فارغ البالی کے اہداف پورے ہوکر رہیں گے۔
مملکت کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کی غرض سے شروع کیا جانے والا ترقیاتی عمل ہمیں اپنے عرب بھائیوں کے حال سے غافل نہیں کریگا۔ ہم نہ کبھی انہیں بھولے ہیں اور نہ بھولیں گے۔ جب جب عربوں اور مسلم ملکوں کو خطرات لاحق ہوئے تب تب سعودی عرب نے انتہائی فراست اور انتہائی عزم کے ساتھ اپنے بھائیوں کو سہارا دیا۔ اسکے شواہد بے شمار ہیں۔سعودی عرب اپنا ایک بازو تعمیر و ترقی کے عمل اور دوسرا بازو برادر و دوست ممالک کےلئے وقف کئے ہوئے ہے۔ سعودی عرب انسانیت نوازی میں بھی اپنا کردار حسن و خوبی کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔
یہی نوشتہ تقدیر ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کے فیصلے پر راضی ہیں۔ اس پر اسکے شکر گزار ہیں کہ اس نے حرمین شریفین کی سرزمین کو تمام تر مشکلات اور دشواریوں کے باوجود اپنے گوناگوں فرائض احسن شکل میں انجام دینے کا حوصلہ بھی عطا کیا ہوا ہے اور وسائل بھی فراہم کررکھے ہیں۔