بچے کی ہمت اور ماں کی محبت
فلاڈیلفیا ۔۔۔ عزم ، ہمت اور استقلال کے ساتھ ساتھ اگر آس پاس کے لوگوں کی محبت اور بالخصوص ماں کی محبت اور دعائیں شامل ہوں تو کوئی بھی حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا جاسکتا ہے اور ایسے کارنامے انجام دینے والوں کیلئے سن و سال کی کوئی قید نہیں۔ یہ کچھ 4سالہ بچے جیک اولیور کےساتھ ہوا جسے گزشتہ سال خون کی انتہائی شدید کمی کی بیماری لیو کیمیا کی شکایت ہوئی جو سرطان کی دوسری شکل ہے۔ جب پہلی بار اس کے مرض کی تشخیص ہوئی تو ڈاکٹروں نے کہا کہ اس لڑکے کے زندہ بچ جانے کی امید 25فیصد سے بھی کم ہے مگر پھر اس بچے کو بچانے کیلئے پورے ملک میں مہم شروع ہوئی اور اسکے علاج کیلئے 5لاکھ پونڈ جمع کرنے کی کوشش کی گئی۔ فلاڈیلفیا کے چلڈرن اسپتال میں پہلی بار اس کی تھراپی ہوئی اور اسکے بعد علاج کا سلسلہ جاری رہا۔ اب اس 4سالہ بچے کی ہمت اور ماں کی محبت دونوں کارگر ثابت ہوتی نظر آرہی ہے۔ ماں کو امید ہے کہ بچہ جلد ہی اس خوفناک بیماری سے مکمل طو رپر صحتیاب ہوجائیگا ۔ ماں کا کہناہے کہ اس دوران اسکے دیکھ بھال ، علاج معالجہ سمیت دیگر بے شمار پریشانیوں کا جو تجربہ ہوا ہے کاش وہ کسی اور کے ساتھ پیش نہ آئے ۔ اسے امید ہے کہ برے دن ختم ہوچکے ہیں اور انکا بیٹا جلد ہی عام بچوں کی طرح کھیل کود اور دوڑ دھوپ کرکے انہیں خوشی کا تحفہ عطا کریگا۔