Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی فضائی حدود تاحال بند،درجنوں پروازیں منسوخ، مسافر پریشان

حالیہ علاقائی صورتحال کے پس منظر میں پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے بعد ملک کے دیگر ایئرپورٹس کی طرح کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہ بھی فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل ہے، جس کے نتیجے میں دور دراز سے آئے مسافروں کو خاصی پریشانی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی بین الاقوامی پرازوں کابھی شیڈول متاثر ہوا ہے۔ کراچی سے اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف ملک کے مطابق کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ جمعرات کو بھی مکمل طور پہ بند رہا اور ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کی طرف سے مسافروں کی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

نامہ نگار کے مطابق ایسی صورت میں مسافروں کو خاصی دشواری کا سامنا ہے اور وہ کھلے آسمان تلے وقت گزارنے پہ مجبور ہیں۔ بہت سے مسافر ایسے بھی ہیں جو کل رات سے ایئرپورٹ آئے ہیں اور انہوں نے رات بھی کھلے آسمان تلے گزاری۔ان مسافروں میں سے بیشتر کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کراچی میں رہنے کے لیے کوئی متبادل انتظام نہیں جس کی وجہ سے وہ ائیرپورٹ کے سامنے میدان میں ہیں بیٹھ گئے ہیں۔ 

رحیم یار خان اور بہاولپور سے آئے کچھ مسافرں نے سہولیات کی عدم فراہمی کا شکوہ کیا اور کہا کہ انہیں پینے کے پانی، طہارت اور نماز پڑھنے کی جگہ تک دستیاب نہیں۔ایک اور خاندان جو کے عمرے کی ادائیگی کی غرض سے سعودیہ عرب جا رہا تھا، وہ بھی رات سے ائیرپورٹ کے سامنے میدان میں موجود ہے، ان کے ساتھ عورتیں اور بچے بھی ہیں، جو سب حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کو قیام کی متبادل سہولیات مہیا کی جائیں۔

اس حوالے سے ایئرپورٹ انتظامیہ کوئی بھی مؤقف دینے سے گریزاں ہے، ان کا کہنا ہے جیسے ہی فلائٹ آپریشن کی بحالی کے احکامات موصول ہوں گے تو ائیرپورٹ کو مسافروں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

دوسری جانب تھائی ایر ویز نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازیںمنسوخ کر دی گئی ہیں۔ ان پروازوں میں لندن، میونخ، پیرس، برسلز،میلان، وییانا، اسٹاک ہوم، زیورخ، کوپن ہیگن، اوسلو، فرینکفرٹ اور روم سے آنے اور جانے والی پروازیں شامل ہیں۔ 
تھائی لینڈ سوورنابھومی بین الاقوامی ائیرپورٹ سے اڑنے والی فلائیٹس منسوخ ہونے پرمسافروں کو متبادل پروازیں تلاش کرنا پڑرہی ہیں۔ یورپ جانے والی اکثر پروازویں رات 12 بجے کے بعد کے لیے شیڈیول ہوتی ہیں۔ 
سوورنابھومی ائرپورٹ پر موجودسیاحتی پولیس کے سپریٹنڈنٹ کرنل امنارت چومشائی نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات 5  ہزار مسافر سفرکرنے کی غرض سے ایئرپورٹ آئے لیکن پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے آگے سفر نہ کر سکے۔
تھائی ائیر ویز نے بتایا کہ چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت کے بعد جمعرات سے یورپ جانے والی پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جبکہ پاکستان جانے والی تمام پروازیں منسوخ رہیں گی۔ تھائی ائیر ویزکی ایک پرواز روزانہ کراچی اور لاہور جاتی ہے جبکہ اسلام آباد ہفتے میں4 فلائیٹس جاتی ہیں۔بے شمارائر لائینز پاکستان کی فضائی حدودسے گزرتی ہیںجو بند ہونے کی وجہ سے درجنوں پروازیں خلل کا شکارہوگئی ہیں۔
ایمیریٹس اور قطر ائرویز نے بھی پاکستان جانے والی فلائٹیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ سنگاپور ائیر لائین اور برٹش ائیر ویز کو بھی مجبوراً پروازوں کوراستہ بدلنا پڑرہا ہے۔
جمعرات کوسنگاپور ائر لائینز نے کہا کہ یورپ جانے والی تمام فلائٹیںاثر انداز فضائی حدود سے اجتناب کرتے ہوئے شیڈیول کے مطابق چلیں گی اور کوئی پرواز ایند ھن بھرنے کی غرض سے کسی اڈے پر نہیں رکے گی۔ملائیشیا ائرلائین نے بھی اپنی ویب سائٹ پرپیغام میں کہا کہ وفی الحال آئندہ اطلاع آنے تک پاکستان اور شمالی انڈیا کی فضائی حدود سے اجتناب کر یں گے۔ 
 
 
 
 

شیئر: