دہلی: چلتی کارآگ کے گولے میں تبدیل،بیوی،بچےزندہ جل گئے
نئی دہلی۔۔۔۔دہلی میں اکشردھام کے قریب ریلوے اوور برج پر چلتی کار میں اچانک آگ لگ گئی جس میں اہلیہ رنجنا مشرا ،5سالہ بیٹی ریدھی اور ڈیڑھ سالہ نکّی جل کر ہلاک ہوگئیں جبکہ کار میں موجود رنجن باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔اتوار کو تعطیل ہونے کی وجہ سے خاندان کار میں سوار ہوکر سیر کیلئے نکلا تھا کہ چند لمحے بعد کار میں آگ لگ گئی۔اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی آگ کے گولے میں تبدیل ہوگئی۔نظروں کے سامنے اہلیہ اور بچیوں کو گاڑی میں جلتے اور چیختے ہوئے دیکھ کر حواس باختہ ہوگیا۔راہگیروں کی جانب سے اطلاع ملنے پرپولیس اور فائر بریگیڈکے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ کار میں سی این جی کٹ نصب تھی جس میں شاٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جبکہ کار میں نصب سی این جی سیلنڈر محفوظ بتایا جارہا ہے۔ میکینکل ٹیم نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر گاڑی کا معائنہ شروع کردیا۔گاڑی میں آگ لگنے کے بعد موقع پر موجود تماش بینوں کی بڑی تعداد وڈیو بنانے میں مشغول رہی۔ آتشزدگی کے واقعہ کے بعد کار لاک ہوگئی جس کی وجہ سے بچے اور بیوی باہر نکلنے میں ناکام رہے اور موت کے منہ میں چلے گئے۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی اور لاشیں اسپتال کے سرد خانے میں جمع کرادیں۔