ٹیسٹ کرکٹ میں افغانستان کی تاریخی کامیابی
دہرہ دون: افغانستان کی ٹیسٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا۔ ہند کے شہر دہرہ دون میں ہونے والے سیریز کے واحد ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن فارمیٹ کی ایک اور نووارد ٹیم آئرلینڈ کو 7وکٹوں سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیمیں اپنی ٹیسٹ تاریخ کا دوسرا میچ کھیل رہی تھی۔آئرش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 172رنز پر آوٹ ہوئی تھی جبکہ افغانستان نے314رنز بنائے ۔ دوسری اننگز میں آئرش ٹیم نے بہتر بیٹنگ کی اور 288رنز بنانے میں کامیاب رہی یوں اسے اننگز کی شکست سے بچنے کا موقع مل گیا تاہم ان نے افغانستان کو فتح کیلئے صرف147رنز کا ہدف دیا ۔افغان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 149رنز بناتے ہوئے 7وکٹوں سے فتح سمیٹ لی۔ پہلی اننگز میں98رنز پر آوٹ ہو جانے والے رحمت شاہ نے دوسری اننگز میں76رنز بنائے جبکہ احسان اللہ65رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ رحمت شاہ کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔دونوں ٹیموں کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا یہ دوسرا میچ تھا جبکہ پہلا میچ دونوں ٹیمیں ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ کھیلتے ہوئے شکست سے دوچار ہوئی تھیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوزاسپورٹس" جوائن کریں