مملکت نے گولان سے متعلق امریکی فیصلہ مسترد کردیا
ریاض ۔۔۔ سعودی عرب نے گولان کی مقبوضہ شامی پہاڑیوں پر اسرائیل کی بالادستی تسلیم کرنے سے متعلق امریکی حکومت کے فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کردیا اور امریکی فیصلے کی مذمت بھی کردی۔ سعودی عرب نے اعلامیہ جاری کرکے تاکید کی کہ گولان سے متعلق سعودی عرب اپنے اصولی، غیر متزلزل موقف پر قائم ہے۔ سعودی عرب سمجھتا ہے کہ تمام متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق گولان کی پہاڑیاں شام کی ہیں۔ ان پر اسرائیل کا قبضہ ناجائز ہے۔ زمینی حقیقت کو تھوپنے کی کوشش سے حقیقت حال تبدیل نہیں ہوگی۔ سعودی عرب نے توجہ دلائی کہ امریکی حکومت نے گولان سے متعلق جو اعلان کیا ہے وہ اقوام متحدہ کے منشوربین الاقوامی قانون کے اصولوں اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ اعلان 1967ءمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جاری کردہ قرارداد نمبر 242اور 1981ءمیں جاری کردہ قرارداد نمبر 497کے سراسر منافی ہے۔ اس اعلان سے مشرق وسطی میں امن عمل اور خطے کے امن و استحکام پر بھاری منفی اثرات مرتب ہونگے۔ سعودی عرب نے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانونی قراردادوں کی پابندی کریں۔