ریاض۔۔۔سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی ساما نے بتایا ہے کہ سعودی شہریوں نے سیروسیاحت، صحت نگہداشت ، تعلیم ، فرنیچر ، گاڑیوں ،ٹرانسپورٹ کے نجی وسائل اور املاک کی ترمیم و آرائش کیلئے 2018ء میں 1.5ارب ریال کے قرضے سعودی بینکوں سے حاصل کئے ۔
ساما کے مطابق سیر و سیاحت کیلئے2018ء کی تیسری سہ ماہی میں 451ملین ریال کے قرضے لئے گئے تھے ۔ چوتھی سہ ماہی میں 484ملین ریال کے قرضے لئے گئے ۔ پہلی سہ ماہی میں 338ملین اور دوسری سہ ماہی میں 322ملین ریال کے قرضے طلب کئے گئے ۔اس طرح 2018ء میں مجموعی قرضے 1595ملین ریال لئے گئے ۔
سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی کا قیام 1952ء میں عمل میں آیا تھا ۔ اسے سعودی عرب میں سینٹرل بینک کی حیثیت حاصل ہے ۔ مالیاتی قوانین اور ضوابط اسی کے فرائض میں شامل ہیں ۔ ساما قومی کرنسی کی تیاری اور مملکت میں زرِ مبادلہ کے جملہ امور کی دیکھ بھال کرتی ہے ۔