امریکہ اور رُوس کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کا آغاز
امریکہ اور روسی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں عالمی طاقتیں اپنے تعلقات بہتر بنانے پر رضامند ہو گئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ اور روس کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات سے قبل منگل کو دونوں ممالک کے سفارت کاروں نے کہا ہے کہ یہ وقت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو منگل کو روس کے پہلے دورے پر سُوچی پہنچے جہاں ان کی ملاقات روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ہوئی۔
روسی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ اگرچہ اہم بین الاقوامی امور پر دونوں عالمی طاقتوں کا نقطہ نظر مختلف ہے، تاہم اس کے باوجود امریکہ روس کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہش مند ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ ہر ایشو پر دونوں ممالک کا ایک دوسرے سے اختلاف ہو، امریکہ اور روس کے مفادات جہاں آپس میں ملتے ہیں اسے مضبوط تعلقات کی بنیاد بنایا جا سکتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ دورہ روس میں صدر ولادی میر پوتن سے بھی ملاقات کریں گے۔
پوتن اور پومپیو کی ملاقات میں ایران اور وینزویلا کے ایشوز سرفہرست ہوں گے۔ ان کے علاوہ شمالی کوریا، یوکرین، چین، افغانستان اور شام کے معاملات پر بھی دونوں ممالک میں بات چیت کا امکان ہے۔
امریکہ اور روس کے درمیان قریباً ایک سال کے عرصے میں پہلے اعلیٰ سطحی مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کا دورہ روس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خلیج میں ایران کے ایٹمی پروگرام پر امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔