’سعودی عرب خطے میں جنگ روکنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا‘
’سعودی عرب خطے میں جنگ روکنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا‘
بدھ 22 مئی 2019 3:00
سعودی کابینہ خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے (تصویر: سعودی پریس ایجنسی)
سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ خطے میں کسی نئی جنگ کے خلاف ہے اور اسے روکنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔
سعودی کابینہ نے اس عزم کا اظہار بدھ کے روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی کابینہ نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن چاہتا ہے، اس کے علاوہ کسی چیز کی خواہش نہیں۔ ’سعودی عرب امن کی خاطر اپنی کوشش جاری رکھے گا اوراس کا خیال ہے کہ ایرانی عوام سمیت خطے کے دیگرلوگوں کا فطری حق ہے کہ وہ پرامن زندگی بسر کریں۔‘
جدہ کے قصرالسلام میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سعودی کابینہ نے کہا کہ عالمی برادری اپنا کردار کرتے ہوئے ایران کو دنیا بھر میں فتنہ وفساد پھیلانے سے روکے۔ کابینہ کے مطابق ایران اور اس کے ایجنٹوں کو چاہئے کہ وہ ’احمقانہ‘ اقدامات سے بازرہیں اور خطے کو ناعاقبت اندیشی کی طرف نہ لے جائیں۔
سعودی بادشاہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر غور کرنے کے لئے خلیجی ممالک اور عرب ممالک کے سربراہان کی الگ الگ کانفرنسز بلانے کے متعلق بھی کابینہ کوآگاہ کیا۔
یہ کانفرنسز شاہ سلمان کی سربراہی میں مکہ مکرمہ میں 25رمضان المبارک کو منعقد ہوں گی۔
سعودی عرب گلف جی سی سی ممالک کےعلاوہ عرب ممالک کے سربراہان کے ساتھ خطے کے امن واستحکام اور ایران سے خطے کو درپیش خطرات کے علاوہ تیل کی سمندری گزرگاہوں کو محفوظ رکھنے کے متعلق مشاورت کرے گا۔