Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمیع ابراہیم اور فواد چوہدری کی لفظی جنگ

پاکستانی صحافی اور اینکر پرسن سمیع ابراہیم کی جانب سے ایک ویڈیو میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری پر عمران خان کی حکومت اور افواج پاکستان کے خلاف سازش کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں جس کے بعد فواد چوہدری نے ویڈیو کو اپنے ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 'اس (سمیع ابراہیم) کو دو کروڑ کے اشتہار دے دیتا تو دن رات میرے پاؤں چاٹتا۔'
خیال رہے کہ سمیع ابراہیم نے اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ پاکستان میں عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے اور فوج کو کمزور کرنے کے لیے انڈیا اور امریکہ کے تعاون سے ایک سازش چلائی جا رہی ہے جس میں کئی دیگر سیاست دانوں سمیت تحریک انصاف کے کچھ لوگ بھی شامل ہیں۔
سمیع ابراہیم کے بقول عید کے بعد یہ سازش کھل کر سامنے آئے گی اور عین اسی وقت تحریک انصاف کے کچھ لوگ بھی حکومت سے دور ہونے لگیں گے جن کی قیادت فواد چوہدری کریں گے کیونکہ فواد پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
فواد چوہدری نے سمیع کے ان الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹر پر نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
فواد چوہدری نے سمیع ابراہیم کے امریکی پاسپورٹ کی تصویر لگاتے ہوئے لکھا ہے کہ 'ہمیں بتا رہا ہے امریکہ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے ، ایسے منافقوں سے باخبر اور محفوظ ہونا انتہائی اہم اور ضروری ہے۔
ایک طرف جہاں کچھ صارفین فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جو وہیں دوسری طرف کچھ سمیع ابراہیم کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔

مُنا پی ٹی آئی نامی ایک صارف نے فواد کے جواب میں لکھا کہ 'فواد چوہدری پر خود پر بات آئی تو اس کی زبان چیک کرو۔ جب سے ان کو وزارت اطلاعات سے ہٹایا گیا تو کبھی انہیں وزیر اعظم کا دفاع کرتے نہیں دیکھا لیکن اپنے پر بات آنے پر یہ کتا کتا کہنا شروع ہو گئے۔ یہ وفاقی وزیر ہیں۔ افسوس'۔
ایک صارف عالیہ خان نے لکھا کہ 'پہلی دفعہ چوہدری فواد نے صحیح بولا اور ٹائم پر جواب دیا، کل سے سوچ رہی تھی اس کو جواب نہیں دیا۔ دال میں کچھ کالا تو نہیں مگر ویلڈن وزیر سائنس۔'
فواد چوہدری نے عالیہ کو جواب دیا کہ 'میں نے ان لٹیروں کی بکواس کافی برداشت کی ہے، لیکن اب بات آگے نکل گئی ہے۔'
عبدالرؤف نامی ٹویٹر ہینڈل نے فواد چوہدری کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ 'جیسا منہ ویسی چپیڑ ہوتی ہے اور جیسے کو تیسا ہی ہوتا ہے۔'
اسلم نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'فواد چوہدری صاحب آپ کی سیاسی سوچ اور لائن خان سے مختلف ہے۔'

شیئر: