پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سابق قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک بم دھماکے میں فوج کے تین افسران اور ایک سپاہی ہلاک جبکہ چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جمعے کی شب جاری کردہ بیان کے مطابق یہ واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے خاڑکمر میں پیش آیا جہاں ایک فوجی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، میجر معیز مقصود بیگ، کیپٹن عارف اللہ اور لانس حوالی دار ظہیر شامل ہیں۔
بیان کے مطابق اس علاقے میں فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کیا تھا اور شدت پسندوں کے کچھ سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ جمعے کو پیش آنے والے واقعے سمیت گذشتہ ایک ماہ کے دوران اس علاقے میں پرتشدد واقعات میں دس سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 35 زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے اس واقعے ہر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'میں اپنے ان سپاہیوں کی شجاعت اور قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جو ہمارے تحفظ و سلامتی کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرتے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا ہے کہ 'میری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی جلد اور مکمل شفایابی کے لیے دعاگو ہوں۔'