Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خلیل جبران اور ٹیگور کو جاننے کا موقع مل گیا‘

ٹوئٹر پر عمران خان نے ٹیگور کا قول جبران کے نام سے جوڑا گیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی، روئٹرز
اپنی تقاریر میں تاریخ سے متعلق غلطیوں پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو کافی تنقید کا سامنا رہا ہے اور اب حال ہی میں بنگال سے تعلق رکھنے والے شاعر رابندر ناتھ ٹیگور کے قول کو لبنانی امریکن شاعر خلیل جبران کے نام کے ساتھ لکھنے پر انہیں ٹوئٹر صارفین نے آڑھے ہاتھوں لیا ہے۔
ٹوئٹر پر ایک کروڑ فالورز رکھنے والے پاکستانی وزیر اعظم نے حال ہی میں ایک قول پوسٹ کیا، جس میں رابندر ناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے جوڑا گیا ہے۔
اس قول میں لوگوں کی خدمت کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔

صحافی مرتضی سولنگی نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہیں ٹویٹ کرنے سے قبل اس قول کو گوگل کر لینا چاہیے تھا تاکہ پتا چل جاتا کہ یہ الفاظ حقیقت میں کس نے کہے ہیں۔ سولنگی کا کہنا تھا کہ ایسی غلطیوں سے عمران خان نہ صرف اپنا مذاق اڑوا بلکہ ملک کا بھی تماشا بنا رہے ہیں۔

کپل شرما نامی ایک صارف نے عمران خان کی ماضی کی غلطی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کو اس بات پر حیرت نہیں ہوئی کیونکہ ’جرمنی اور جاپان پڑوسی ہیں۔‘

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل عمران خان نے تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جاپان اور جرمنی آپس میں ایک دوسرے کے پڑوسی ممالک ہیں۔  
عمران کے تازہ ٹویٹ کے حوالے سے ایک اور صارف پیرہ پلیجو نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’لگتا ہے ہمارے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے کے بعد سے جغرافیہ اور تاریخ کے مضمون کو بدلنے کا شوق اٹھا ہے۔‘

ساجدہ اختر نامی ایک صارف نے کہا کہ پاکستان کو اپنا خیال خود رکھنا ہوگا کیونکہ ان کے وزیر اعظم کی حالت خود ٹھیک نہیں۔

وکی نامی ایک ٹوئٹر صارف نے طنز و مزاح کے طور پر قائدِ اعظم محمد علی جناح کی تصویر کے ساتھ ایک پیغام لگا کر پوسٹ کیا جس میں بانی پاکستان عمران خان کی طرف سے رابندر ناتھ ٹیگور سے معافی مانگ رہے ہیں۔
اس واقعے کا مثبت پہلو دیکھتے ہوئے احمد پراچہ نام کے صارف نے لکھا کہ عمران خان کی وجہ سے کم از کم لوگوں کو ٹیگور اور جبران کے کام کے بارے میں جاننے کا موقع مل گیا۔
رابندر ناتھ ٹیگور بنگالی زبان کے مشہور نوبل انعام یافتہ شاعر فلسفی اور افسانہ ناول نگار تھے۔ انہیں بنگالی زبان کا شکسپیئر بھی کہا جاتا ہے جبکہ خلیل جبران لبنانی نژاد امریکی فنکار، شاعر اور مصنف تھے۔ 

شیئر: