عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی فضائیہ نے سعودی ہوائی اڈوں پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کے ڈرون حملے ناکام بنا ئے۔
سبق نیوز ویب کے مطابق ترکی المالکی نے بتایا کہ پیر کو حوثیوں نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حملوں کےلئے ڈرونز بھیجے تھے۔سعودی فضائیہ نے انہیں نشانے پر پہنچنے سے پہلے ہی گراکرتباہ کر دیا۔
کرنل المالکی نے مزید بتایا کہ حوثیوں نے بیک وقت کئی ہوائی اڈوں پر ڈرون سے حملوں کا نیا طریقہ کار اپنایا ہے ۔ عدن کے ایک سرکاری کیمپ پر دہشتگردانہ حملے کے بعد ان کے حوصلے بلند ہو گئے ۔
المالکی کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے جن ہوائی اڈوں پر ڈرون سے حملے کی کوشش کی تھی ان سے سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی ہزاروں کی تعداد میں سفر کرتے ہیں ۔ حوثیوں کے یہ حملے بین الاقوامی انسانی قانون کے سراسر خلاف ہیں ۔ یہ حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں ۔
الترکی نے زور دیکر کہا کہ عرب اتحاد کی قیادت حوثیوں کو سبق سکھانے والے اقدامات جاری رکھے گی۔حوثیوں کو حملے کرنے کی استعداد سے عاری کردیا جائے گا۔انکے خلاف فوجی اقدام بین الاقوامی قانون کے مطابق کئے جائیں گے ۔