سعودی کپ کےلئے گھڑ دوڑ کا مقابلہ جنادریہ میں ہونے کا اعلان
سعودی کپ کےلئے گھڑ دوڑ کا مقابلہ جنادریہ میں ہونے کا اعلان
جمعہ 9 اگست 2019 18:35
مقابلے میں دو کروڑ ڈالر کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ فوٹو: سعودی پریس ایجنسی
گھڑ کلب کے چیئرمین شہزادہ بندر بن خالد الفیصل نے اعلان کیا ہے کہ سعودی کپ کےلئے گھڑ دوڑ کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ فروری 2020ء میں جنادریہ میں ہوگا۔
الشرق الاوسط کے مطابق شہزادہ بندر امریکہ میں ساراٹوگا کے مقام پر گھڑ دوڑ کے پروگرام میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرر ہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں گھڑ دوڑ کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ شاہ سلمان کی سرپرستی میں ہو گا۔ یہ گھڑ دوڑ کے حوالے سے سعودی عرب کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کا باعث بنے گا۔
شہزادہ بندر نے بتایا کہ پوری دنیا میں گھڑ دوڑ کےلئے جو انعامات رکھے گئے ہیں یہ ان میں سب سے مہنگا مقابلہ ہو گا۔ دو کروڑ ڈالر کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ گھڑ دوڑ ٹورنامنٹ کی شروعات 29 فروری 2020ء کو ہو گی۔ اس میں 14گھوڑے 1800میٹر کی دوڑ میں حصہ لیں گے۔
شہزادہ بندر نے بتایا کہ مقابلے میں رجسٹریشن اور شرکت کی کوئی فیس نہیں ہو گی۔ دوڑ میں اول آنیوالے کا انعام 10ملین ڈالر رکھا گیا ہے۔ باقی 10ملین ڈالر دوسرے نمبر سے لیکر دسویں نمبر تک آنیوالوں کو دئےے جائیں گے۔
شہزادہ بندر نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب میں گھڑ دوڑ کے مقابلے کا اعلان ساراٹوگا میں جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے کیونکہ یہاں دنیا بھر میں گھوڑوں کے نامور مالکان موجود ہیں ۔ وہ ہمارے پروگرام سے اچھی طرح واقف ہو جائیں گے ۔ہم چاہتے ہیں کہ یہ سب لوگ سعودی عرب میں ہونیوالے مقابلے میں شریک ہوں۔
شہزادہ بندر نے وعدہ کیا کہ جلد ہی بڑی صحافتی کانفرنس کی جائے گی جس میں گھڑ دوڑ کے مقابلے سے متعلق تمام تفصیلات بتائی جائیں گی۔
شہزادہ بندر نے واضح کیا کہ گھڑ دوڑ کے مقابلے کو سعودی عرب سے اس لئے منسوب کیا گیا تاکہ پوری دنیا میں کلاسیکل گھوڑوں کی دوڑ کے مقابلوں کے نقشوں پرسعودی عرب کا نام روشن ہو۔