Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج آج اور کل بھی رمی کریں گے

 حج 2019 کامیابی سے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ حجاج عیدالاضحی کے پہلے دن عقبی میں واقع جمرات گئے۔ا طمینان اور سکو ن سے رمی (شیطان کو کنکریاں مارنا)کی،بال ترشوائے اور قربانی کی۔ پیر کو دوسرے دن تینوں شیطانوں کوکنکریاں ماریںگے جبکہ تیسرے دن حجاج تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارکر غروب آفتاب سے قبل روانہ ہو جائیں گے۔ غروب آفتاب کے بعد منیٰ میں قیام کرنے والے چوتھے دن کی رمی کے بعد منیٰ کو الوداع کہیں گے۔
العقبٰی جہاں اتوار کو منٰی سےحجاج پیدل چل کر پہنچے، وہ مقام ہے جہاں حاجی سات سات کنکریاں پھینکتے ہیں جسے شیطان کو کنکریاں مارنے سے تعبیر کیا جاتا ہے۔

جمرات پل کی توسیع سے خواتین اور بچوں کے لئے خاص طور پر جمرات کی رمی آسان ہوگئی ہے۔ فوٹو ایس پی اے

سکیورٹی حکام بڑی تعداد میں اس مقام پر اور آس پاس موجود ہیں اور24 لاکھ سے زیادہ حجاج کی رہنمائی کرنے کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔یہیں پر حاجیوں کو مقررہ راستوں پر چلنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔
دو ہزار پندرہ میں منٰی میں بھگدڑ مچ جانے سے سینکڑوں حجاج کی جان چلی گئی تھی۔ گزشتہ پچیس برس میں یہ سب سے زیادہ جان لیوا حادثہ ثابت ہوا تھا۔

حجاج کرام نے رمی کے بعد بال منڈوائے اور قربانی کی جبکہ بڑی تعداد طواف افاضہ کرنے مکہ مکرمہ پہنچ گئی۔ فوٹو ایس پی اے

اس حادثے کے بعد سے حکام ہر برس زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں اور جمرات کے پُل پر خاص طور سے انتہائی حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں حجاج نے سنیچر کو حج کا اہم ترین رکن  وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد مزدلفہ میں رات گزاری۔ وہاں سے حجاج منیٰ پہنچے جہاں انہوں نے علی الصبح بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد بال منڈوائے اور قربانی کرنے کے بعد احرام کھول دیے ۔
 منیٰ میں حجاج کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے جن میں  اضافی قصابوں کا  بندوبست  اور مویشیوں کی آلائشیں  فوری طور  پر اٹھانے کا اہتمام بھی شامل ہے ۔ 

شیئر: