حجاج کرام کی بڑی تعداد آج منگل کوتیسرے دن کی رمی کرکے منٰی سے رخصت ہونے لگی۔حجاج کا رخ حرم مکی شریف کی طرف ہے جہاں پہنچ کر وہ طواف افاضہ اور الوداع کر رہے ہیں۔
بیرون ملک سے آنے والے حاجیوں میں سے بعض مدینہ منورہ کی طرف روانہ ہوں گے جبکہ مدینہ منورہ کی زیارت سے فارغ ہونے والے حاجیوں کو مکہ مکرمہ میں ٹھہرایا جائے گا۔
رمی کے تیسرے دن بعض حجاج نے علمائ کی طرف سے دی جانے والی رعایت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زوال سے پہلے تینوں شیطانوں کو رمی کی جبکہ بعض زوال کے بعد رمی کریں گے۔
حج انتظامیہ کی طرف سے طے شدہ جدول کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے بعض حاجی آج منٰی میں قیام کریں گے اور کل کی رمی کے بعد وہاں سے رخصت ہوجائیں گے۔
تیسرے دن کی رمی بھی انتہائی سلیس اور آسانی سے ہوئی۔ اس دوران کسی قسم کی بدمزگی نہیں ہوئی۔ پیشگی منصوبے کے مطابق حاجیوں نے خیموں کے حساب سے اپنے طے شدہ وقت پر رمی کی جس سے جمرات پل پر غیر معمولی ازدحام دیکھنے میں نہیں آیا۔
ادھر مکہ مکرمہ میں حرم مکی میں حجاج کی بڑی تعداد صبح سے آنا شروع ہوگئی۔ ان میں سے بیشتر اندرون ملک کے حاجی تھے۔ حجاج کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث صحن مطاف زائرین سے بھر گیا۔
طواف افاضہ سے فارغ ہونے والوں کو بسوں کے ذریعہ واپس لے جانے کا انتظام کیا گیا۔ حجاج کی نقل وحرکت کو منظم کرنے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کےلئے محکمہ ٹریفک نے خصوصی انتظام کر رکھا ہے۔ یہ سلسلہ رات گئے تک چلتا رہے گا۔