Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوہر سے چھٹکارے کی ترکیب گلے پڑ گئی

کہتے ہیں انتقام انسان کو اندھا اور بہرا کر دیتا ہے ۔یہ اصول مردوں کی طرح خواتین پر بھی عائد ہوتا ہے۔
سبق ویب کے مطابق اردن کی ایک خاتون اپنے خاوند سے ناراض ہو گئی۔اس نے بدلہ لینے اور مزہ چکھانے کیلئے خاوند کی گاڑی میں نشہ آور اشیاء رکھ دیں اورپولیس کو اطلاع دی کہ فلاں شخص کی گاڑی میں نشہ آور اشیاء رکھی ہوئی ہیں۔خاتون نے اپنے طور پر یہ سمجھ لیا تھا کہ خاوند سے اسے نجات بھی مل جائے گی اور وہ منظر نامے سے اوجھل بھی رہے گی ۔ مگر سب کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا انسان سوچتا ہے ۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی گاڑی کا تعاقب کیا اور اسے روک کر تلاشی لی ، اطلاع درست نکلی ۔ گاڑی میں نشہ آور اشیاء  موجود تھیں ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔خاوند نے نشہ آور  اشیاء سے لا علمی کا اظہار کیا ۔ادارہ انسداد منشیات نے حقیقت حال جاننے کیلئے رپورٹ کرنیوالی خاتون کو طلب کر لیا ۔ پتہ چلا کہ رپورٹ کرنیوالی خود اس کی بیوی تھی اور دونوں میں نوک جھونک چل رہی تھی۔پوچھ گچھ سے  پتہ چلا کہ نشہ آور اشیاء  کی موجودگی کی رپورٹ اسکی بیوی کی چال تھی۔
اردن میں ریاستی سلامتی کے پبلک پراسیکیوٹر نے خاتون کو گرفتار کر لیا ۔ اس نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ جی ہاں میں نے یہ کام اپنے خاوند سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے کیا تھا۔

شیئر: