سرکاری اطلاعات کی چوری پر سزا
ابوظبی کی عدالت عظمیٰ نے یورپی ملک کے ایک ملازم کو سرکاری اطلاعات چوری کرنے پر 3برس قید ،10لاکھ درہم جرمانے اور سزا کاٹنے کے بعد امارات سے بیدخل کرنے کی سزا سنا دی ۔
یورپی ملازم نے سرکاری اقتصادی ادارے سے نیٹ ورک کے ذریعے خفیہ معلومات حاصل کر کے ای میل کی تھیں ۔
امارات الیوم کے مطابق یورپی شہری امارات کے ایک سرکاری اقتصادی ادارے میں ملازمت کر رہا تھا۔اس نے ادارے کی خفیہ معلومات نیٹ ورک کے ذریعے حاصل کرنے کےلئے درخواست کی جسے مسترد کر دیا گیا۔یورپی ملازم نے کمپنی سسٹم پر جاکر خفیہ معلومات کاپی کرکے اسے اپنے ای میل میں محفوظ کرلیا تھا ۔
امارات کی پرائمری کورٹ نے مقدمے کی سماعت کے بعد یورپی شہری کو 10برس قید ، 10لاکھ درہم جرمانے اور سزا مکمل کرنے پر امارات سے بیدخل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔عدالت نے یورپی شہری کو اپنے کمپیوٹر سے خفیہ معلومات ڈیلیٹ کرنے کا بھی حکم دیا تھا ۔علاوہ ازیں اس پر خصوصی فیس بھی عائد کی تھی۔
یورپی شہری نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی تھی جسے منظور کر لیا گیا تھا ۔اپیل کورٹ نے 10برس کی بجائے 3برس قید کی سزا سنائی جبکہ جرمانے اور بیدخلی کی سزا جوں کی توں برقرار رکھی ۔
اپیل کورٹ نے یورپی شہری کو مقدمے کی کارروائی کا ہرجانہ اداکرنے کا بھی حکم دیا۔یورپی شہری نے اپیل کورٹ کے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا۔
عدالت عظمی نے درخواست ابتداءمیں مسترد کر دی تاہم نئی اپیل کی دوبارہ سماعت ہوئی ۔ عدالت نے اپیل کورٹ کے فیصلے کی توثیق کر دی۔