اقامہ گم ہونے پر 24 گھنٹے کے اندر متعلقہ ادارے کو اطلاع کرنا ہوگی (فوٹو:سبق)
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی کا اقامہ گم یا چوری ہو جائے تو اسے کیا کرنا چاہیے۔
محکمہ پاسپورٹ نے ٹویٹر پر واضح کیا ہے کہ اقامہ گم یا چوری ہونے کی صورت میں متبادل اقامہ نکلوانے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اقامہ گم ہونے کی صورت میں متبادل اقامہ نکلوانے کی فیس ایک ہزار ریال ہے تاہم اس سے پہلے چند قانونی کارروائیوں سے گزرنا ضروری ہے۔
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ متبادل اقامہ نکلوانے کے لیے غیر ملکی کو نو اقدامات کرنا ہوں گے۔
سب سے پہلے اسے فوری طور پر محکمہ پاسپورٹ کی کسی بھی شاخ یا پولیس میں اقامہ گم ہونے کی رپورٹ درج کرانا ہوگی۔
غیر ملکی شخص کو اپنے کفیل (سپانسر) سے مکتوب لانا ہوگا جس میں یہ وضاحت کرنا ضروری ہے کہ اقامہ کہاں اور کیسے گم ہوا۔
متعلقہ شخص کا اصل پاسپورٹ اور گم شدہ اقامے کی کاپی اگر موجود ہو تو یہ بھی جمع کرانا ہوگی۔
محکمہ پاسپورٹ کے دفتر یا ویب سائٹ سے حاصل ہونے والا فارم پُر کرنا ہوگا۔
اقامہ جاری کرنے کا فارم پُر کرنا ہوگا اور اگر اقامے کی مدت میں ایک سال یا اس سے کم مدت ہو تو 500 ریال فیس ادا کرنا ہوگی۔
اقامہ ہولڈر کی دو تازہ تصاویر اور اقامہ گم کرنے کا جرمانہ ایک ہزار ریال ادا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اقامہ گم ہونے کی صورت میں 24 گھنٹے کے اندر متعلقہ ادارے کو اطلاع کرنا لازمی ہے۔ اطلاع کرنے میں تاخیر پر غیر ملکی کو ایک ہزار سے تین ہزار ریال جرمانہ ہو سکتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں