Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: غیر ملکیوں کی زچگی فیس دگنا ہوگئی

 کویتی وزیر صحت باسل الصباح نے فیصلے کی منظوری دیدی ہے عمل آج سے ہوگا۔ فوٹوالرای
کویت کی حکومت نے ملک میں مقیم غیر ملکی خواتین کے لیے زچگی فیس میں سو فیصد اضافہ کردیا ہے۔ نارمل ڈلیوری پر پہلے 50 دینارہسپتال فیس وصول کی جاتی تھی جسے اب بڑھا کر 100 دینار کردیا گیا ہے۔
مقامی اخبار الرای کے مطابق کویتی وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے فیصلے کی منظوری دیدی ہے۔ عمل درآمد آج سے ہوگا۔
ملک کے تمام ہسپتالوں کو جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ (سیزیرین) آپریشن کے ذریعے ہونے والی ولادت پر 150 دینار فیس مقرر کی گئی ہے۔

اب پرائیویٹ کمرے کی فیس 100 دینار مقرر کی گئی ہے۔ فائل فوٹو

وزارت صحت نے کہا ہے کہ نارمل اور سیزیرین پر لی جانے والی فیس میں الٹرا ساﺅنڈ، لیباریٹری ٹیسٹ اور ادویہ شامل ہیں تاہم کسی بھی وجہ سے خاتون کوہسپتال میں داخل کیا گیا تو اس سے الگ فیس لینی ہوگی۔
اس سے قبل زچگی کی صورت میں خاتون کو 3 دن کے لیے ہسپتال میں داخل کیا جاتا تھا۔ اضافی دن پر مشترکہ کمرے کے لیے 10 دینار اور پرائیویٹ کمرے کے لیے 50 دینار وصول کیے جاتے تھے۔ 
 نئے فیصلے کے مطابق ایک دن کے لیے مشترکہ کمرے کی فیس 10 دینار جبکہ پرائیویٹ کمرے کی فیس 100 دینار مقرر کی گئی ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ غیر ملکی خواتین کے لیے زچگی فیس میں اضافے کا فیصلہ غور و خوض کے بعد کیا گیا ہے۔ صحت کے شعبے میں حکومت کو بڑا فنڈ مختص کرنا پڑتا ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں غیر ملکیوں کے لیے مقرر کردہ فیسیں پرائیویٹ ہسپتالوں کی فیسوں سے بہرحال کم ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں غیر ملکیوں سے لی جانے والی فیس سے صحت خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی۔

شیئر: